منگلورویکم فروری (ایس او نیوز) منگلورو کے مختلف علاقوں میں مندروں کی ہُنڈی چرانے اور ایک مذہبی مقام پر لگا ہوا زعفرانی جھنڈا اتار کر اس پر پاخانہ کرنے کے الزام میں پولیس نے دو ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے جن کی شناخت محمد سہیل (19سال) اور نظام الدین (21سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
سٹی پولیس کمشنر نے نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش کے دوران ملزمین نے سال 2020میں ملار میں واقع مندر کی ہُنڈی توڑنے، امسال 15جنوری کو مادور میں واقع ہُنڈی توڑنے کا جرم قبول کیا ہے۔ ساتھ ہی ملزمین نے ڈیرلکٹَا کے آئیپا مندر کا سیوا کاونٹر توڑنے اور کوناجے میں گوپال کرشنا مندر کی ہُنڈی میں کوئی بھی رقم ہاتھ نہ لگنے کی وجہ سے وہاں پر موجود زعفرانی جھنڈے پر غلاظت کرنے کی بات بھی قبول کی ہے۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ ملزمین کے پاس سے مجرمانہ کارروائی کے لئے استعمال ہونے والا اسکوٹر، مندر کے ہُنڈی باکس، چاقواور اسپانر وغیرہ ضبط کیے گئے ہیں، جن کی مجموعی مالیت کا اندازہ 35ہزار روپے لگایا گیا ہے۔
پولیس کمشنر نے واضح کیا کہ دیگر مندروں کے ہُنڈی باکس میں جو قابل اعتراض چیزیں بر آمد ہوئی تھیں ان معاملات سے اس گینگ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان معاملات کی تفتیش میں کچھ اہم سراغ ہاتھ لگے ہیں، اس لئے جلد ہی اسے بھی حل کرلیا جائے گا۔